لکھنؤ، 5؍اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )تین طلاق کے مسئلہ پر پورے ملک میں بحث ہو رہی ہے۔ایک طرف تین طلاق کے خلاف قانون بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، تو وہیں دوسری طرف آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ سمیت دوسری مسلم تنظیمیں اس کی سخت مخالفت کر رہی ہیں۔ایسے میں اب کچھ مسلم تنظیموں اور مسلم مذہبی رہنماؤں کی جانب سے بھی تین طلاق پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا جانے لگاہے ۔بدھ کو آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ نے لکھنؤ میں تین طلاق پر پابندی کی حمایت کردی ۔بورڈ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تین طلاق کے خلاف قانون بننا چاہیے ۔
وہیں بورڈ نے خواتین کے حقوق کے لیے ایک الگ کمیٹی بنانے کا بھی مطالبہ کیا ۔شیعہ پرسنل لاء بورڈ کا خیال ہے کہ سچر کمیٹی جیسی کوئی کمیٹی خواتین کے لیے بنائی جانی چاہیے ۔شیعہ پرسنل لاء بورڈ نے گؤ کشی پر بھی پابندی کا مطالبہ کیاہے ۔بورڈ نے عراق اور شیعوں کے اعلی مذہبی لیڈر کا حوالہ دیتے ہوئے گؤ کشی پر پابندی کی حمایت کی ہے ۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ سمیت سبھی مسلم تنظیمیں تین طلاق کے خلاف قانون بنائے جانے کی مخالفت میں ہے۔
بورڈ کا خیال ہے کہ تین طلاق پر قانون ان کے مذہبی معاملات میں مداخلت ہے۔بورڈ نے سپریم کورٹ سے تین طلاق کے خلاف دائر تمام درخواستوں کو مسترد کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔بورڈ کے وکلاء کی دلیل ہے کہ مذہبی معاملات میں عدالت مداخلت نہیں کر سکتی۔آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ نے رام مندر پر بھی اپنی رائے رکھی ہے ۔بورڈ کا خیال ہے کہ رام مندر کا مسئلہ بات چیت سے حل کیا جا سکتاہے ۔واضح رہے سپریم کورٹ بھی عدالت کے باہر رام مندر معاملہ کو حل کرنے کے تعلق سے تبصرہ کر چکا ہے۔